نئی دہلی،3؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا ویکسین کی قلت اور ٹیکہ اندوزی کی سست رفتار کے سلسلے میں حکومت پر ہفتے کے روز ایک مرتبہ پھر حملہ بولا۔ راہل گاندھی نے ایک گراف کی مدد سے سمجھایا کہ کس طرح سے یکم جولائی تک 12 دنوں میں ویکسین کی قلت کی وجہ سے ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا۔
راہل گاندھی نے ایک جملے میں ٹوئٹ کیا ’’فرق پر دھیان دیجئے۔ کہاں ہے ویکسین ‘‘۔ انہوں نے گراف کے ذریعے سمجھایا کہ کورونا کی تیسری ممکنہ لہرکا مقابلہ کرنے کے لئے 18 جون کو یومیہ 69.5 لاکھ ویکسینیشن کا ہدف تھا، لیکن یکم جولائی تک ہدف سے 27 فیصد کم محض 50.8 لاکھ افراد کو یومیہ ٹیکے لگائے گئے۔
واضح رہے کہ کورونا ویکسین کی کمی کی وجہ سے راہل گاندھی حکومت کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، جس پر حکومت کے وزرا بھی اپنا رد عمل ظاہر کر رہے ہیں۔ اس سے واضح ہے کہ حکومت راہل گاندھی کے سوالوں سے پریشان ہے۔